Woman Pecked to Death by Her Rooster 14

مرغے نے ٹھونگیں مار مار کر خاتون کو قتل کردیا

گزشتہ دنوں جنوبی آسٹریلیا میں ایک مشتعل مرغے نے 76 سالہ خاتون کی ٹانگوں میں اتنی ٹھونگیں ماریں کہ وہ لہولہان ہوگئیں اور بہت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے موت کے منہ میں چلی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق، یہ عمر رسیدہ خاتون جنوبی آسٹریلیا کے ایک قصبے کی رہائشی تھیں اور انہوں نے اپنے ہی گھر کے وسیع آنگن میں مرغیاں پال رکھی تھیں۔ ایک صبح جب وہ مرغیوں کے انڈے جمع کرنے صحن میں پہنچیں تو ان ہی کے پالتو مرغے نے مشتعل ہو کر ان پر حملہ کردیا اور ٹھونگیں مار مار کر ان کی ٹانگیں زخمی کردیں۔ خاتون کی ٹانگوں سے اتنی تیزی کے ساتھ خون بہنے لگا کہ وہ بے ہوش ہوگئیں اور اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئیں۔

بعد ازاں پوسٹ مارٹم سے معلوم ہوا کہ ان کی ٹانگوں کے نچلے حصے میں ایک خاص طبّی کیفیت کی وجہ سے رگیں آپس میں الجھ گئی تھیں جس کی وجہ سے جسم کے اس حصے میں خون کا دباؤ تو بہت زیادہ تھا لیکن بہاؤ معمول کے مقابلے میں خاصا کم تھا۔
اس حصے پر مرغے کی ٹھونگیں لگنے کی وجہ سے ان رگوں کے اوپری حصے میں شگاف پڑ گیا اور خون بہت تیزی سے بہنے لگا۔ اسی باعث ان کی جان بھی گئی۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مذکورہ طبی کیفیت میں اگر ٹانگیں زخمی ہوجائیں، تب بھی موت کا خدشہ بہت ہی کم ہوتا ہے جس کا امکان 66 میں سے صرف ایک کے مساوی ہوتا ہے۔ اب یہ واقعہ طبی تاریخ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں