Why does the cat eat grass? 29

بلی گھاس کیوں کھاتی ہے؟

رجن، ناروے میں ’’انٹرنیشنل سوسائٹی فار اپلائیڈ ایتھولوجی‘‘ کے سالانہ اجلاس میں یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے حیوانیات داں ڈاکٹر بنجمن ہارٹ اور ان کے ساتھیوں نے اپنی تازہ تحقیق کے نتائج پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگرچہ بلی کبھی کبھار گھاس ضرور کھاتی ہے لیکن اس کی وجہ بیماری نہیں بلکہ شاید یہ ایک ایسی عادت ہے جو ارتقائی عمل کے نتیجے میں ان کے اندر پیدا ہوئی ہے۔

انہوں نے ایک ہزار سے زائد ایسے افراد کا آن لائن سروے کیا جنہوں نے نہ صرف بلی پالی ہوئی تھی بلکہ وہ اپنی بلیوں کی عادتوں اور حرکات و سکنات کا روزانہ کم از کم تین گھنٹے تک مشاہدہ بھی کیا کرتے تھے۔ سروے سے پتا چلا کہ پالتو بلیوں کی غالب اکثریت نے اپنی پوری زندگی میں کم سے کم چھ مرتبہ گھاس ضرور کھائی تھی۔ زندگی میں ایک بار بھی گھاس نہ کھانے والی بلیوں کی تعداد بہت کم تھی۔

سروے کے شرکاء نے انکشاف کیا کہ گھاس کھانے والی تمام بلیوں کو بظاہر بالکل تندرست پایا گیا لیکن ان میں سے بیشتر نے گھاس کھانے کے بعد الٹیاں کی تھیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گھاس کھانے سے ان پر برے اثرات مرتب ہوئے تھے۔

تو پھر بلی گھاس کیوں کھاتی ہے؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر ہارٹ کا کہنا ہے کہ موجودہ بلیوں کے ارتقائی اجداد آج سے تقریباً پچاس لاکھ سال پہلے جنگلوں میں رہا کرتے تھے، جہاں انہیں دوسرے جنگلی جانوروں کی طرح پیٹ کے طفیلیوں (پیٹ کے کیڑوں) کا سامنا رہتا۔ اوّلین بلیوں کے بارے میں ہمیں معلوم ہے کہ وہ اگرچہ گوشت خور ہی تھیں لیکن پیٹ کے کیڑوں سے چھٹکارا پانے کے لیے وہ کبھی کبھار گھاس کھالیا کرتی تھیں جس سے اس کے معدے کے عضلات بہتر کام کرنے لگتے تھے اور فضلے (پاخانے) کے ساتھ ساتھ پیٹ کے طفیلیے بھی بہ آسانی خارج ہوجایا کرتے تھے۔

جہاں تک بلی پالنے کا تعلق ہے تو اس عمل کی تاریخ لگ بھگ 8000 سال پرانی ہے جبکہ ارتقاء کے نتیجے میں پیدا ہوجانے والی فطری عادت (جبلت) میں تبدیلی کے لیے یہ عرصہ بے حد مختصر ہے۔ پالتو بلیوں کو بالعموم پیٹ کے کیڑوں کا مسئلہ درپیش نہیں ہوتا لیکن پھر بھی وہ اپنی اسی ارتقائی جبلت کی وجہ سے کبھی کبھار گھاس کی طرف لپکتی ہیں، چاہے اسے کھانے کے بعد انہیں الٹی ہی کیوں نہ ہوجائے۔

یعنی یہ کہا جاسکتا ہے کہ بلی اس لیے گھاس نہیں کھاتی کہ وہ بیمار ہوتی ہے ، بلکہ وہ اس لیے گھاس کھاتی ہیں کیونکہ وہ بیمار پڑنے سے محفوظ رہنا چاہتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں