Sri Lanka Team 29

سری لنکن کرکٹ بورڈ سنیئر کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کیلئے قائل نہ کرسکا

سری لنکا کرکٹ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ 10 سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے جس میں ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونارتنے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان لسیتھ مالنگا اور سابق کپتان انجیلو میتھیوز بھی شامل ہیں۔

کرونارتنے اور لستھ مالنگا بھی سیکیورٹی بریفنگ کے باوجود پاکستان آنے کیلئے قائل نہ ہوسکے جب کہ ان کے ساتھ سورنگا لکمل، دھننجا ڈی سلوا، دنیش چندی مل، نروشان ڈک ویلا اور تشارا پریرا نے بھی سیکورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان آنے سے معذرت کی ہے۔

سری لنکا میڈیا کے مطابق اسٹار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں لاہیرو تھری مانے اس ماہ پاکستان کے دورے میں سری لنکا کی ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ داسون شناکا لاہور میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں کپتانی کریں گے۔

یاد رہے کہ 2017 میں بھی کئی مشہور کھلاڑیوں نے ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کیلئے لاہور آنے سے انکار کیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 27 ستمبر سے 9 اکتوبر کے درمیان پاکستان میں تین ایک روزہ میچز اور تین ٹی 20 میچز کھیلیں گی۔

سری لنکن ٹیم 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گی جہاں 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو 3 ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔

دوسرے مرحلے میں سری لنکن ٹیم لاہور پہنچے گی جہاں 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں