EU Ambassador 45

جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں 55فیصد اضافہ ہوا،فرانکوس

پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوس کوٹین نے کہا ہے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دینے کے بعد سے یورپ کو اس کی برآمدات میں پچپن فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے آج نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کی کونسل کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لئے GSP ایک بہت بڑا موقع ہے تاکہ وہ خصوصی طور پر ٹیکسٹائل، آلات جراحی چمڑے اور کھیلوں کی اشیاء میں اپنی برآمدات میں اضافہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، خواتین کی ترقی اور پاکستان میں نظم و نسق میں بہتری پر توجہ دے رہی ہے۔یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کے لئے یورپی یونین کے نئے روابط کے منصوبے میں تذویراتی اور سکیورٹی سطح پر پیشرفت ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان فوجی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین سول اور سیاسی حقوق کے بارے میں 27 بین الاقوامی معاہدوں پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی جو جی ایس پی پلس کی حیثیت کا تقاضا ہے۔بعد میںانہوں نے نیشنل پریس کلب کے سبزہ زارمیں ایک پودا بھی لگایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں