qamar-javed-bajwa-saudi-military-advisor 69

سعودی عرب کے ساتھ فوجی تعاون جاری رہے گا، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ فوجی تعاون جاری رہے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی وزیر دفاع کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں پاک فوج کے سربراہ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دو طرفہ دفاعی تعاون کے مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ رائل سعودی فورسز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تعاون جاری رہے گا۔

میجر جنرل طلال عبد اللہ نے پاک فوج کی علاقائی امن و استحکام کے لیے گراں قدر کردار کا اعتراف بھی کیا، ملاقات میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سعودی عرب کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ نے کہا کہ پاک فوج کا علاقائی امن واستحکام کے لیے کلیدی کردار ہے۔

اس سے قبل 9 ستمبر کو پاک فوج کے سربراہ سے امریکی سینٹ کام کمانڈر جنرل کینتھ میکنزی نے ملاقات کی تھی۔ جس میں افغانستان اور کشمیر سمیت خطے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں