imran khan with senior journalist 38

مقبوضہ کشمیر کے الحاق کیلئے بھارتی حکومت کے مذموم اقدام سے کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کونئی تقویت ملے گی،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیرکے الحاق کے لئے مذموم بھارتی اقدام کوسنگین تاریخی غلطی قراردیتے ہوئے کہاہے کہ اس سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کونئی تقویت ملے گی۔

انہوں نے اسلام آباد میں اپنے دفترمیں سینئرصحافیو ں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے اقدام کے پس پردہ صرف مفادنہیں بلکہ یہ ہندونسل پرستی اوربالادستی کے پروردہ نظریے پرمبنی اوچھاہتھکنڈہ ہے۔

عمران خان نے کہاکہ بھارت کے حالیہ اقدامات نے ہٹلر کے نازی ازم کی یادتازہ کردی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی وہا ں موجود بھارتی فورسز کے جبر واستبداد اور کشمیریوں کے دل ودماغ جیتنے میں بھارت کی ناکامی کانتیجہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے پیشگی اندازہ لگالیاہے کہ کرفیواٹھانے کے بعدمقبوضہ وادی کی صورتحال تیزی سے خراب ہوسکتی ہے اورپاکستان کوموردالزام ٹھہرانے کے لئے وہاں بڑی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

عمران خان نے عالمی برادری سے کہاکہ وہ اس صورتحال کے مداوا کے لئے اپناکرداراداکرے اورکشمیریوں کی نسل کشی بندکرائے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت میں بھی ذی شعوراوردوراندیش حلقوں نے اس معاملے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرکے الحاق کی سازش کوتاریخی قراردیاہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ یہ مسئلہ جنگ سے حل نہیں کیاجاسکتا کیونکہ دوایٹمی ممالک کے درمیان جنگ تباہ کن ہوگی۔ ایک باراگرجنگ شروع ہوگئی تواسے ختم کرناکسی کے اختیارمیں نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرکی آبادی کاتناسب تبدیل کرنے کی کوشش جنیواکنونشن کے آرٹیکل انچاس کی خلاف ورزی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں