Googly Master Abdul Qadir passed away 56

گگلی ماسٹر عبدالقادر انتقال کرگئے

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور نامور گلگی ماسٹر عبدالقادرآج لاہو رمیں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔

عبدالقادر کے صاحبزادے سلمان قادر کے مطابق اچانک ہارٹ اٹیک کے باعث انہیں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ اور 104 ون ڈے انٹر نیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی ۔ عبدالقادر نے 1977 میں انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ ڈبیو کیا تھا۔

مایہ ناز لیگ اسپنر نے اپنے کرکٹ کیرئیر میں مجموعی طور پر 368 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

انہوں نے پہلا ٹیسٹ 1977میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا اور ون ڈے کرکٹ میں پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 1983میں کھیلا۔

عبدالقادر پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر رہے انہوں نے ایک عرصہ کرکٹ میچوں کے لئے کمینٹری بھی کی ۔

عبد القادر کراچی میں 15 ستمبر 1955 کو پیدا ہوئے تھے ۔

عبدالقار نے 6بچوں اور بیوی کو سوگوار چھوڑا ہے۔ عبدالقادر کے چار بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ مرحوم معروف کرکٹر عمر اکمل کے سسر تھے ۔ ان کا بیٹا عمران قادر ملک سے باہر ہے۔ بیٹے کی ملک واپسی کے بعد انکی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

وسیم اکرم کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ دنیا کے کرکٹرز عبدالقادر کو جادو گر کہا کرتے تھے ، جب انہوں نے میری آنکھ میں دیکھا تو کہا بیس سال تک کرکٹ کھیلو گے۔ میں نے ان پر یقین کیا وہ واقعی جادو گر تھے۔ دنیا عبدالقار کو یاد کرے گی مگر بھولے گی نہیں۔

شعیب اختر نے کہا کہ عبدالقادرکی وجہ سے میں نے قومی ٹیم میں کم بیک کیا۔انہوں نے مجھ پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کرکٹ کے کھیل خصوصا بالنگ کے شعبہ میں عبدالقادر مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ عبدالقادر مرحوم نے سپن باؤلنگ میں اپنا منفردنام پیدا کیا۔ کرکٹ آج ایک بین الاقوامی شہرت کے حامل سپنراور عظیم کھلاڑی سے محروم ہو گئی ہے۔

وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

سعید غنی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے جب تک کرکٹ کھیلی اس نے ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ عبدالقادر کی گگلی بولنگ سے سامنے والی ٹیم کے اچھے اچھے بیٹسمین گھبرا جاتے اور پاکستان نے متعدد بار ان کی تباہ کن بولنگ کے باعث بڑے بڑے میچز میں فتح حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں