arif-alvi-14-aug-2019 63

ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو دنیا اس کے اثرات محسوس کرے گی: صدر مملکت

کنونشن سینٹر اسلام آباد میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ آج ان عظیم شخصیات سے یوم تشکر کا دن بھی ہے جن کی بدولت آج ہم آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں، آج کا یوم آزادی یوم یکجہتی کشمیر بھی ہے، ہم ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور انشاء اللہ ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم اس وقت تک ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد کریں گے جب جب تک انہیں حق خودارادیت نہیں ملتا، ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، کشمیری ہمارے اور ہم ان کے ہیں، ان کا دکھ ہمارا دکھ ہے اور ان کی آنکھ سے بہنے والا آنسو ہمارے دل میں گرتا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی کے حالیہ غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کے سلسلے میں پارلیمان نے مذمتی قرارداد بھی منظور کی ہے، ہم بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کی تبدیلی کو قبول نہیں کرتے، بھارت غیر قانونی اقدمات سے کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا، بھارت نے اپنے یکطرفہ اقدام سے نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی بلکہ شملہ معاہدے کو بھی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نہ بھولے کہ کشمیر کے تین فریق ہے، پاکستان، بھارت اور کشمیری عوام، ہم کشمیر کا پُرامن حل چاہتے ہیں، پاکستان سفارتی سطح پر اپنی جدو جہد جاری رکھے گا، ان دوست ممالک کےشکرگزار ہیں جو مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھاکہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور خطے میں بھی امن کا قیام چاہتا ہے، ہماری امن پسندی کو بھارت کمزوری نہ سمجھے، مسلمان جنگ کی تمنا نہیں کرتے لیکن جنگ مسلط کی جائے تو پیچھے نہیں ہٹتے، ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو دو ملکوں کی جنگ نہیں رہے گی بلکہ خطہ اور دنیا اس کے اثرات محسوس کرے گی، اب بھی بھارتی حکمرانوں سے کہتے ہیں ہوش کے ناخن لیں اور حالات کو اس نہج پر نہ لے جائیں جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں سوشل میڈیاکے ذریعے بھارت کی بھانک شکل دنیا کے سامنے لائیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑے گا، پاکستان کبھی بھی کشمیریوں کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا، اقلیتوں پر مظالم نے بھارت کا سیکیولر ریاست کا چہرہ مسخ کردیا، بھارت کی جنونیت کی اس کی جمہوریت کا بھانڈا پھوڑ دیا، بھارت ریاستی دہشت گردی اور جبر کا راستہ ترک کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں