unodc 71

اقوام متحدہ: ایک سال میں 50 ہزار خواتین اپنوں کے ہاتھوں قتل

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے برائے انسداد منشیات و جرائم یو این او ڈی سی (UNODC) نے دعویٰ کیا ہے کہ صرف ایک سال کے دوران دنیا میں 50 ہزار خواتین کو ان کے خاوندوں، بھائیوں، والدین، پارٹنرز یا اہل خانہ نے ہی قتل کردیا۔

یو این او ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2017 میں پرتشدد کارروائیوں یا جرائم کے نتیجے میں ہلاک ہونے والی خواتین کی تعداد 87000 تھی۔

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعدد ایسے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں کہ قتل سے قبل خواتین تسلسل کے ساتھ پرتشدد کارروائیوں کا نشانہ بنتی رہی تھیں۔

خواتین کے قتل کی ایک وجہ حسد اور طویل گھریلو جھگڑے بھی تھے جب کہ کئی واقعات میں جان سے مارنے کی وجہ خوف بھی سامنے آئی ہے۔

رپورٹ میں درج اعداد و شمار کے مطابق براعظم ایشیا سے تعلق رکھنے والے ممالک میں یہ تعداد 20 ہزار تھی جب کہ افریقہ میں 19 ہزار، امریکہ میں آٹھ ہزار اور مغربی ممالک میں تین ہزار تھی۔

ویانا سے جاری کردہ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر آبادی کے اعتبار سے دیکھا جائے تو براعظم افریقہ خواتین کے لیے سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں